ہانیہ عامر کو اب شادی کر لینی چاہیے:گلوکار بادشاہ

2 گھنٹے قبل
ہانیہ عامر کو اب شادی کر لینی چاہیے:گلوکار بادشاہ

کراچی ( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف گلوکار بادشاہ نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو ایک دلچسپ مشورہ دے دیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ہانیہ عامر کو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی خاصی مقبولیت حاصل ہے۔ وہ ماضی میں متعدد بھارتی فنکاروں کے ساتھ تقریبات اور ملاقاتوں میں شریک ہو چکی ہیں، جن میں معروف گلوکار بادشاہ اور دلجیت دوسانجھ بھی شامل ہیں۔ اداکارہ ایک بھارتی پنجابی فلم میں بھی کام کر چکی ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ حالات کے باعث فنکارانہ روابط متاثر ہوئے۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنی عالمی شناخت برقرار رکھی اور بیرون ملک مداحوں سے رابطہ مضبوط بنایا ۔حال ہی میں ایک تقریب کے دوران بادشاہ نے ہانیہ عامر کا ذکر کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہو جائیں تو وہ مستقبل میں ہانیہ کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے۔ اس سے قبل دونوں فنکاروں کو دبئی میں ایک ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے بھی دیکھا جا چکا ہے۔تقریب کے دوران گلوکار نے ہانیہ عامر کی ذاتی زندگی سے متعلق بھی گفتگو کی۔ اداکارہ کی عاصم اظہر کے ساتھ شادی کی افواہوں پر تبصرہ کرتے ہوئے بادشاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہانیہ عامر کو اب شادی کر لینی چاہیے،اس بیان کے بعد مداحوں میں ایک بار پھر اداکارہ کی نجی زندگی کے حوالے سے چہ مگوئیاں تیز ہو گئی ہیں اور سوشل میڈیا پر مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔