اسلام آباد( کامرس ڈیسک)حکومت کی اقتصادی اصلاحاتی حکمتِ عملی کے تحت قومی اداروں کی مؤثر نجکاری کے لیے منظم اقدامات جاری ہیں۔مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان ائیر لائن کی نجکاری ایک تاریخی اور اہم اقدام ہے جس نے ادارے کو نئی تقویت دی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے بجلی کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے بعد ملک کے دیگر ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔خرم شہزاد نے کہا کہ ایئرپورٹس کے ساتھ ساتھ ہوٹلز اور بینک بھی نجکاری پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ نجکاری کمیشن کا 249 واں اجلاس چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔مشیر وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے خریدار کنسورشیم میں ایف ایف سی کی شمولیت کی سفارش حتمی منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی نجکاری کو بھجوا دی گئی ہے۔ان کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ نے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے والی ایف ایف سی کو کنسورشیم میں شامل کرنے کی سفارش کی توثیق کی ہے۔
حکومت کی اقتصادی اصلاحات: پی آئی اے اور قومی اداروں کی نجکاری کا پروگرام جاری
2 گھنٹے قبل