کابینہ اجلاس میں جنگ بندی پر خوشی، یومِ تشکر منانے کا اعلان

2 گھنٹے قبل
کابینہ اجلاس میں جنگ بندی پر خوشی، یومِ تشکر منانے کا اعلان

اسلام آباد ( پاکستان خبر) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں کردار پر عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس کے دوران فیلڈ مارشل کی خدمات کے اعتراف میں کابینہ اراکین نے تالیاں بجائیں جبکہ ارکان کا استقبال بھی تالیہ بجا کر کیا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔کابینہ نے جمعہ کے روز کو یوم تشکر کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا اور قوم سے کامیاب مذاکرات پر خصوصی دعاؤں کی اپیل کی گئی۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنگ کے شعلے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رہے تھے مگر جنگ بندی کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی، یہ کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے مسلسل محنت کی جبکہ فیلڈ مارشل کئی راتیں جاگ کر ایرانی اور امریکی قیادت سے رابطے میں رہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے اور مشترکہ کوششوں سے مسلم دنیا میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا گیا۔انہوں نے مختلف دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنگ وقتی طور پر رکی ہے اور اصل ہدف دیرپا امن کا قیام ہے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا کے وفود کو مذاکرات کے لیے اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے اور امید ہے کہ یہ بات چیت مثبت نتائج دے گی۔