ممبئی( شوبز ڈیسک)بھارتی فلموں اور ٹیلی ویژن کے معروف اداکار راجیش کمار نے بالی ووڈ کے طبقاتی نظام پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار اکثر معاون اداکاروں کے ساتھ ریہرسل کرنا بھی پسند نہیں کرتے، جس کے باعث اداکاری میں ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے۔بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ اداکار نے اپنے کیریئر میں متعدد بڑی فلموں میں معروف شخصیات کے ساتھ بطور معاون اداکار کام کیا اور اپنی اداکاری سے نمایاں پہچان بنائی۔ایک حالیہ یوٹیوب انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ کئی مواقع پر مرکزی اداکار معاون کاسٹ سے بات چیت تک گوارا نہیں کرتے، جو پیشہ ورانہ ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ سال 2025 کی کامیاب فلم سائی یارا میں انہوں نے اداکارہ انیت پڈا کے والد کا کردار ادا کیا، تاہم فلم کے سیٹ پر اکثر اہم فیصلے چند مخصوص افراد تک محدود رہتے ہیں، جن میں ہدایتکار، سنیماٹوگرافر، فلم کا مرکزی اداکار اور لکھاری شامل ہوتے ہیں، جبکہ دیگر افراد محض تماشائی بن کر رہ جاتے ہیں۔راجیش کمار نے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بڑے اداکار نے انہیں نظر انداز کرتے ہوئے براہِ راست بات کرنے کے بجائے اپنے معاون سے سوال کیا کہ وہ مکالمہ اس انداز میں کیوں ادا کیا جا رہا ہے، اور ساتھ ہی ریہرسل سے انکار کرتے ہوئے براہِ راست شوٹ کرنے پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ فلمی صنعت میں موجود اس رویے اور طبقاتی تقسیم کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بہتر اور معیاری کام سامنے آ سکے۔
بالی ووڈ کا طبقاتی نظام بے نقاب، بڑے اداکاروں کا رویہ سامنے آ گیا
4 گھنٹے قبل