کراچی( کامرس ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے مکمل کنٹرول کے لیے عارف حبیب گروپ کنسورشیم نے حکومت کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے بعد قومی ایئر لائن کا مکمل اختیار نجی گروپ کے پاس چلا جائے گا۔عارف حبیب لمیٹڈ کے سی ای او شاہد علی حبیب کے مطابق کنسورشیم اپریل میں حتمی فیصلہ کرے گا اور بارہ مہینے کے اندر ادائیگی مکمل کرے گا۔ پی آئی اے کے 100 فیصد حصص کی خریداری کے بعد ایئر لائن مکمل طور پر نجی شعبے میں کام کرے گی اور سرکاری نامزد ارکان سے آزاد ہو جائے گی۔گذشتہ دسمبر میں کنسورشیم نے 135 ارب روپے میں 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے جبکہ باقی 25 فیصد حصص کی مالیت تقریباً 45 ارب روپے ہے۔ اس کے علاوہ، پی آئی اے کی بہتری کے منصوبے میں سروسز، سٹاف اور ٹکٹنگ کی بہتری، سیفٹی اور سکیورٹی کی مضبوطی اور اہم روٹس پر فلائٹ فریکوئنسی بڑھانے کا منصوبہ شامل ہے۔عارف حبیب کنسورشیم میں فاطمہ فرٹیلائزر، فوجی فرٹیلائزر کمپنی، لیک سٹی اور سٹی اسکول شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کا مقصد خسارے میں جانے والی ایئر لائن کو منافع بخش بنانا اور جہازوں کے بیڑے اور خدمات کو بہتر بنانا ہے۔پی آئی اے کے پاس اس وقت 38 جہاز ہیں جن میں سے 18 آپریشنل ہیں اور یہ دنیا بھر میں 78 مقامات پر لینڈنگ کے حقوق رکھتی ہے۔ نجکاری کے بعد ملازمین کو ایک سال تک نوکری اور مراعات کا تحفظ حاصل ہوگا جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر واجبات پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی ادا کرے گی۔سال 2024 میں پی آئی اے نے 9.3 ارب روپے آپریشنل منافع اور 26.2 ارب روپے خالص منافع حاصل کیا، جبکہ سنہ 2023 میں اس کا خالص خسارہ 75 ارب روپے تھا۔
عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے کے مکمل کنٹرول کی خریداری کا اعلان کر دیا
15 گھنٹے قبل