ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی

4 گھنٹے قبل
ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی

 اسلام آباد( پاکستا ن خبر)ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر پانچ بڑے شہروں میں فائیو جی کی فراہمی کے لیے نیلامی کا انعقاد کیا گیا۔نیلامی کا پہلا راؤنڈ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا راؤنڈ تھوڑی دیر بعد شروع ہوگا۔ پہلے مرحلے کے نتائج بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 2600 میگاہرٹز بینڈ میں 190 میگاہرٹز اسپیکٹرم موجود تھا، جس کے لیے 110 میگاہرٹز کی اضافی طلب سامنے آئی۔ دوسرے مرحلے میں اسپیکٹرم کی قیمت میں پانچ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔اسی طرح 35 میگاہرٹز بینڈ میں پہلے مرحلے میں 280 میگاہرٹز اسپیکٹرم تھا، جس کے لیے 200 میگاہرٹز کی ڈیمانڈ آئی ہے۔نیلامی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ہائی وے پاکستان کا انجن ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان آج ٹیکنالوجی کے انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے اور ہم ان ممالک میں شامل ہو رہے ہیں جو فائیو جی استعمال کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے نیلامی کے لیے پورا ایکو سسٹم فراہم کیا ہے اور ہم بلاک چین اور مصنوعی ذہانت کی نئی صنعت کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں۔فائیو جی نیلامی ورچوئل طور پر آن لائن جاری ہے، جس میں ملک کی تینوں بڑی موبائل کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔