پاکستان کی معروف شوبز شخصیات، اداکار اور گلوکار آغا علی نے اپنی طلاق کے حوالے سے پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک آغا علی نے اپنی سابقہ بیوی، اداکارہ حنا الطاف سے علیحدگی کی وجوہات پر گفتگو کی۔
آغا علی نے بتایا کہ ان کی طلاق کو تقریباً ڈیڑھ سال ہو چکا ہے اور اس بارے میں زیادہ بات کرنا نہیں چاہتے، کیونکہ حنا الطاف اس وقت منظر عام پر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر رشتہ اور ہر کہانی مختلف ہوتی ہے اور ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ان کا مقدر تھا۔ اسی لیے انہوں نے مہذب طریقے سے علیحدگی اختیار کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلاق کا فیصلہ ان کے لیے کبھی بھی مشکل نہیں تھا کیونکہ وہ خود کفیل ہیں اور گھریلو کاموں میں بھی ماہر ہیں۔ تاہم، آغا علی کا ماننا ہے کہ ایک رشتہ دونوں افراد کی مشترکہ کوششوں سے چلتا ہے۔ اگر دونوں ایک دوسرے کو اہمیت نہ دیں تو رشتہ قائم نہیں رہتا اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں بیشتر شادیاں ناکام ہو جاتی ہیں۔
نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے آغا علی نے کہا کہ شادی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے اور اگر ایک بار رشتہ قائم کر لیا جائے تو پھر اسے نبھانے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر تمام کوششوں کے باوجود رشتہ نہیں چل رہا تو علیحدگی اختیار کرنا بہتر ہے، لیکن یہ فیصلہ عزت و احترام کے ساتھ کرنا ضروری ہے۔
آغا علی اور حنا الطاف نے 2020ء میں کورونا کے دوران شادی کی تھی، لیکن 2022ء میں ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں۔ ابتدا میں آغا علی نے ان خبروں کو مسترد کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔