پیر, مئی 19, 2025

آٹھ سال بعد شکیب الحسن کی پی ایس ایل میں واپسی،اس بار کس ٹیم کی نمائندگی کریں گے؟

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے باقی ماندہ میچز کے لیے بنگلادیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کی آٹھ سال بعد لیگ میں واپسی ہوئی ہے، جہاں وہ لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔

پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا آغاز 17 مئی سے ہونے جا رہا ہے، جبکہ ایونٹ کا فائنل 25 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ شکیب الحسن نے 2017 میں پشاور زلمی جبکہ 2016 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی، مگر اس کے بعد وہ لیگ سے غیر حاضر رہے۔ اب وہ تقریباً ایک دہائی کے وقفے کے بعد دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔

بنگلادیشی میڈیا نے ان کی شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ شکیب اس بار لاہور قلندرز میں اپنے ہم وطن اسپنر رشاد حسین کے ہمراہ میدان میں اتریں گے، جو پہلے ہی فرنچائز کا حصہ بن چکے ہیں۔

شکیب الحسن نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ ایشیا کپ 2023 میں بنگلادیش کی نمائندگی کرتے ہوئے کھیلا تھا، جبکہ کسی بھی سطح پر وہ گزشتہ چھ ماہ سے کرکٹ ایکشن سے باہر تھے۔ ان کی واپسی نہ صرف لاہور قلندرز کے لیے تقویت کا باعث بنے گی بلکہ لیگ کے شائقین کے لیے بھی ایک خوش آئند لمحہ ہوگی۔

واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل کے چند میچز تاخیر کا شکار ہوئے، مگر اب شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہو چکا ہے، اور شکیب کی شمولیت ایونٹ میں بین الاقوامی دلچسپی کو مزید بڑھا سکتی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب