پیر, مئی 19, 2025

متحدہ عرب امارات کا 10 سالہ گولڈن ویزا وہ بھی صرف 7 منٹ میں!

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے ماحولیات اور پائیداری کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے غیر ملکی ماہرین کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے باضابطہ طور پر بلیو ریزیڈنسی ویزا کے لیے 180 دن کا ملٹی انٹری پرمٹ متعارف کرا دیا ہے۔ یہ پرمٹ ان افراد کو دیا جائے گا جو موسمیاتی تبدیلی، گرین ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں قابلِ ذکر کردار ادا کر چکے ہیں۔

یہ نیا اقدام فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور بندرگاہ سیکیورٹی (ICP) کے ذریعے نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت اہل افراد ICP کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔ بلیو ریزیڈنسی ویزا دراصل ایک 10 سالہ رہائشی اجازت ہے جو خاص طور پر ان ماہرین، سائنسدانوں، ماحولیاتی سرمایہ کاروں، اور پائیداری سے وابستہ نجی و سرکاری اداروں سے منسلک ماہرین کے لیے مخصوص ہے۔

درخواست دینے کا عمل نہایت آسان اور تیز تر بنایا گیا ہے، جو صرف 5 مراحل پر مشتمل ہے اور 7 منٹ میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ درخواست کے لیے درکار بنیادی دستاویزات میں چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، حالیہ تصویر، متعلقہ قابلیت کا ثبوت اور مقررہ فیس شامل ہے۔

درخواست جمع ہونے کے بعد صرف ایک ورکنگ دن میں اس پر کارروائی مکمل کی جاتی ہے، جس سے یو اے ای کی تیز رفتار اور جدید ویزا پالیسی کی عکاسی ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ بلیو ریزیڈنسی، گولڈن اور گرین ویزا کے بعد یو اے ای کا ایک اور اہم ویزا پروگرام ہے، جس کا مقصد ملک کو ماحولیاتی جدت، کلائمٹ ایکشن اور پائیدار ترقی کے عالمی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب