بدھ, مئی 28, 2025

پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا، 40-50 فوجی ہلاک: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اہم انکشاف کیا کہ پاکستانی افواج نے لائن آف کنٹرول پر 40 سے 50 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جلد ایسا بھرپور جواب دیا جائے گا کہ دنیا دیکھے گی۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے افواج پاکستان کو موثر اور بھرپور جواب دینے کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بزدل بھارت نے تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، لیکن ہم نے صرف فوجی اہداف کو ہی نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی فوجیوں کو چائے پلانے کو تیار تھے، لیکن اس بار دشمن بھاگ گیا۔ اب ہم نے چائے کی ہوم ڈیلیوری کی ہے۔ انہوں نے بھارت کی جدید ترین رافیل ٹیکنالوجی کو خاک میں ملنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف جہاز نہیں گرے، بلکہ بھارتی قوم کا غرور گرا ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان نے 50 بھارتی ڈرونز کو یا تو جیم کرکے یا ایئر ڈیفنس سسٹم سے مار گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تباہ شدہ ڈرونز کے ملبے کو اپنے عجائب گھر میں رکھیں گے تاکہ آنے والی نسلیں ہماری شجاعت کی داستان جان سکیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ رافیل بنانے والی کمپنی کے شیئرز 18 فیصد گر چکے ہیں، جو بھارت کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان نے نہ صرف فوجی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بھارت کو شکست دی ہے۔ وزیر اطلاعات نے قوم کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ ایسے مواقع پر متحد ہو کر کھڑی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب صورتحال کے آگے بڑھنے کا فیصلہ پاکستان کرے گا اور بھارت کو جلد ہی ایسا جواب ملے گا جو وہ کبھی نہیں بھول پائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں اور تمام مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب