بدھ, مئی 28, 2025

دیر میں موسلادھار بارش کا قہر، سڑکیں بند، نظام زندگی مفلوج

لوئر دیر: خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں حالیہ شدید بارشوں نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ ندی نالوں میں اچانک طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں لوگ، بالخصوص سیاح، محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق، لوئر دیر اور اس کے گردونواح میں وقفے وقفے سے جاری شدید بارشوں نے گرمی کی شدت تو کم کر دی، تاہم اس کے ساتھ ساتھ مسائل کا طوفان بھی کھڑا کر دیا ہے۔ بیشتر علاقوں میں گھنے بادلوں کا راج رہا جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔

تاہم دیر بالا کے پہاڑی علاقے دیر کوہستان شدید متاثر ہوئے، جہاں موسلادھار بارشوں نے ندی نالوں کو بپھرنے پر مجبور کر دیا۔ باڈا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی کمراٹ جانے والی مرکزی شاہراہ مکمل طور پر بند ہو گئی ہے، جس سے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ بڑی تعداد میں سیاح بھی پھنس گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق محصور افراد میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب، پی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 6 مئی سے 12 مئی تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، اورکزئی، کرم، وزیرستان سمیت کئی دیگر اضلاع شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے مزید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

انتظامیہ نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب