جمعرات, مئی 29, 2025

بھارت کی شرمناک واردات! پختونخوا سرحد پر دہشتگردوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا انکشاف

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارت ایک سازش کے تحت پاکستان کی مشرقی اور مغربی دونوں سرحدوں پر جارحانہ کارروائیاں کر رہا ہے، جس میں مغربی سرحد پر دہشت گردوں کو اسلحہ اور مالی وسائل فراہم کرنا شامل ہے۔

اپنے ایک اہم بیان میں بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ بھارت، خیبر پختونخوا میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشت گرد گروہوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے اور ان کے ذریعے صوبے میں تخریبی کارروائیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دو طرفہ محاذ پر دشمن کی کارروائیوں کا سامنا ہے، مگر ہماری افواج اور عوام مکمل طور پر چوکنا اور متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی چالوں اور درپردہ سازشوں کو پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر انداز میں ناکام بنایا ہے، جس کے بعد دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کارروائیوں میں دشمن نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مساجد کو نشانہ بنایا، جو اس کی بزدلی اور دہشتگردی کی حمایت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاک فوج نے ان حملوں کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا، اور اسے سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دشمن ہمارے اگلے سرپرائز کا منتظر رہے، کیونکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب