جمعرات, مئی 29, 2025

ملازمت پیشہ خواتین کے لیے حکومتی اقدام — ورکنگ ویمن ہاسٹلز بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: ملازمت پیشہ خواتین کے لیے ایک بڑی سہولت کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے دارالحکومت میں ورکنگ ویمن ہاسٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر یہ منصوبہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں عملی شکل اختیار کرے گا، جس کا مقصد ملازمت کرنے والی خواتین کے رہائشی مسائل کا مستقل اور محفوظ حل فراہم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ نے ورکنگ ویمن ہاسٹل کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ہاسٹل اسپیشل ایجوکیشن کے موجودہ سینٹر کو تبدیل کر کے بنایا جائے گا، تاکہ شہر میں کام کرنے والی خواتین کو مناسب، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ رہائش میسر آ سکے۔

سیکریٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے اس منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ملازمت پیشہ خواتین کے لیے رہائش کی سہولتوں کی شدید قلت ہے، اور اس مسئلے کے حل کے لیے یہ اقدام فوری طور پر ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورکنگ ویمن ہاسٹل کی تعمیر سے خواتین کو محفوظ رہائش کے ساتھ ساتھ ایک مثبت اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا، جہاں وہ ذہنی سکون کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تعلیم اور وزارت انسانی حقوق نے اس منصوبے کے لیے مشترکہ طور پر سی ڈی اے کو درخواست دی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم نے اس منصوبے پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔ سی ڈی اے نے منظوری کے بعد وزارت تعلیم کو باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی ارسال کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ خواتین کی خودمختاری اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کی جانب حکومت کا عملی قدم تصور کیا جا رہا ہے، جو دارالحکومت میں خواتین ملازمین کی زندگی کو سہل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب