اتوار, مئی 18, 2025

اداکارہ نازش جہانگیر کی سخت وارننگ، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں پر مقدمے کی دھمکی

کراچی: معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنے خلاف پھیلائی جانے والی غلط، گمراہ کن اور غیر مصدقہ معلومات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک انسٹا اسٹوری کے ذریعے وارننگ جاری کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان سے متعلق بے بنیاد معلومات پھیلانے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ پیکا ایکٹ 2016 کے تحت سخت قانونی کارروائی کریں گی۔

اپنی انسٹا اسٹوری میں نازش جہانگیر نے ایک قانونی نوٹس بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ میرے متعلق جھوٹی اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے والے افراد، پیجز اور ادارے خبردار رہیں۔ اگر ان جھوٹے دعوؤں کو فوری طور پر ڈیلیٹ نہ کیا گیا اور 24 گھنٹوں کے اندر عوامی معافی نامہ جاری نہ کیا گیا تو میں تمام متعلقہ افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر ان کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کا سلسلہ جاری رہا تو وہ پیکا ایکٹ 2016 کے تحت قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ ہتک عزت کا مقدمہ بھی دائر کریں گی۔ ان کے مطابق، وہ اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ہر ممکن قانونی آپشن استعمال کریں گی۔

دوسری جانب، گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ لاہور کی کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے نازش جہانگیر کے خلاف امانت میں خیانت، دھوکہ دہی اور دھمکیوں کے الزامات پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ اداکارہ کو گرفتار کر کے 22 مارچ کو پیش کیا جائے۔

تاہم، نازش جہانگیر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں گرفتاری کے وارنٹ کا کوئی ذکر نہیں کیا اور نہ ہی وضاحت کی کہ ان کے خلاف کس قسم کی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ ان کی جانب سے دی گئی قانونی وارننگ اس معاملے کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے، اور دیکھنا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں یہ معاملہ کیا رخ اختیار کرتا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب