حکومت پنجاب نے ماں اور بچے کی صحت و بہبود کے لیے ایک منفرد “آغوش” پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 2 سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں یہ پروگرام 13 اضلاع میں چلایا جائے گا، جن میں ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ، اور کوٹ ادو شامل ہیں۔
پروگرام کے اہم نکات میں حاملہ خواتین کو پہلی رجسٹریشن پر 2 ہزار روپے ملنا شامل ہے، جبکہ ہر طبی معائنے کے لیے 1500 روپے دیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر حاملہ خواتین کو طبی معائنوں کے لیے 6 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ بچے کی پیدائش پر خواتین کو 4 ہزار روپے جبکہ پیدائشی سرٹیفکیٹ کے اندراج پر 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ نومولود کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کی صورت میں ہر بار 2 ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف پسماندہ علاقوں کے افراد کو بہتر طبی سہولیات ملیں گی بلکہ خواتین کو مالی معاونت بھی فراہم ہوگی، جو ایک صحت مند خاندان کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔