وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر خواتین کی معاشرتی، تعلیمی اور اقتصادی شمولیت کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کی معمار اور ہماری قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں، چاہے وہ کلاس روم ہو یا بورڈ روم، کھیل کا میدان ہو یا کوئی فرنٹ لائن، پاکستانی خواتین اپنی محنت، قابلیت اور عزم سے ملک کا مستقبل روشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال خواتین کے عالمی دن کا تھیم “تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے: حقوق، مساوات اور انہیں بااختیار بنانا” اس عزم کا اعادہ ہے کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور ان کی صلاحیتوں کو مکمل طور پر اجاگر کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اسلام خواتین کے حقوق اور ان کے وقار کو خاص اہمیت دیتا ہے اور حکومت پاکستان نے خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے کئی عملی اقدامات کیے ہیں۔ ان میں پالیسی اصلاحات، قانونی ترامیم اور ادارہ جاتی اقدامات شامل ہیں، جو خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ حقیقی صنفی مساوات کے حصول کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا، لیکن اس سمت میں ہونے والی پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم خواتین کی تعلیم، صحت اور مالی خودمختاری میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، تو اس کے اثرات نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ پورے معاشرے اور آنے والی نسلوں تک پہنچتے ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں جہاں ہر عورت کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں اور ہر بیٹی اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکے۔