لاہور( شوبز ڈیسک)معروف وی لاگر رجب بٹ کی ازدواجی زندگی میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ ان کی اہلیہ ایمان رجب نے شوہر کی جانب سے بھجوائے گئے طلاق کے نوٹس کی تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کرتے ہوئے اپنا ردعمل بھی ظاہر کیا ہے۔رجب بٹ ماضی میں بھی اپنے قانونی معاملات، دیگر وی لاگرز کے ساتھ تنازعات اور نجی زندگی کے باعث خبروں میں رہتے آئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بیوی اور سسرال سے اختلافات کا معاملہ بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق شادی کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں کے درمیان دوریاں پیدا ہو گئیں۔ اسی دوران ایمان رجب نے بیٹے کیوان سلطان کو جنم دیا، تاہم رجب بٹ نے ایک حالیہ گفتگو میں بتایا کہ وہ اپنے بیٹے سے صرف ایک یا دو بار ہی مل سکے ہیں۔رجب بٹ نے اس گفتگو میں یہ بھی کہا کہ وہ اس رشتے کو ختم کر چکے ہیں اور اہلیہ کو طلاق کے قانونی کاغذات بھجوا دیے ہیں۔دوسری جانب ایمان رجب نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فیصلے کی توقع تھی، لیکن یہ سمجھ نہیں آتا کہ ان کے اور ان کے بیٹے کا کیا قصور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شادی کو بچانے کے لیے خاموشی اختیار کی، مگر ان پر لگائے گئے الزامات کے بعد انہیں سامنے آنا پڑا۔واقعے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں اور یہ معاملہ تیزی سے توجہ حاصل کر رہا ہے۔
رجب بٹ کی اہلیہ نے طلاق کے نوٹس کی تصاویر جاری کر کے خاموشی توڑ دی
7 گھنٹے قبل