کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار کنور ارسلان نے اداکار و ہدایتکار یاسر نواز کے ساتھ اپنے اختلافات پر کھل کر بات کرتے ہوئے اہم حقائق بیان کر دیے۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کے دوران کنور ارسلان نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور بتایا کہ انہوں نے یاسر نواز کے ساتھ مل کر ایک ریسٹورنٹ قائم کیا تھا جس کا نام فاریسٹ رکھا گیا، تاہم یہ کاروبار زیادہ عرصہ نہ چل سکا۔انہوں نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کی بندش کی بنیادی وجہ دونوں کے درمیان سوچ کا اختلاف تھا۔ ان کے مطابق اختلافات سرمایہ کاری یا مالی معاملات پر نہیں تھے بلکہ اس بات پر تھے کہ کاروبار کو کس انداز میں چلایا جائے۔کنور ارسلان کا کہنا تھا کہ جب اختلافات میں شدت آئی تو دونوں نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا، تاہم یہ علیحدگی کسی جھگڑے یا تلخی کے بغیر خوش اسلوبی سے عمل میں آئی۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام تر اختلافات کے باوجود ان کے اور یاسر نواز کے تعلقات خوشگوار رہے اور یہ فیصلہ باہمی احترام کے ساتھ کیا گیا۔