والدین کی طے شدہ شادی سے ایک رات پہلے بھاگ گئی تھی:کنول فاروق کا انکشاف

4 گھنٹے قبل
والدین کی طے شدہ شادی سے ایک رات پہلے بھاگ گئی تھی:کنول فاروق کا انکشاف

کراچی( شوبز ڈیسک)نامور پاکستانی اداکارہ کنول فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ والدین نے ان کی شادی طے کر دی تھی لیکن وہ شادی سے ایک رات قبل گھر سے چلی گئی تھیں۔نجی ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ انسان زندگی میں جو پیشہ اختیار کرنا چاہتا ہے اکثر وہ اسی میدان تک نہیں پہنچ پاتا کیونکہ وقت کے ساتھ انسان کی سوچ اور ترجیحات بدلتی رہتی ہیں۔کنول فاروق نے بتایا کہ انہوں نے اپنے عملی سفر کا آغاز ملبوسات کے ڈیزائن کے شعبے سے کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے اپنا بوتیک بھی قائم کیا۔ اس کے بعد وہ حسن آرائش کے شعبے سے وابستہ ہوئیں اور ایک سیلون بھی کھولا، تاہم کچھ عرصے بعد ان کی دلچسپی اداکاری اور ماڈلنگ کی دنیا کی جانب ہو گئی۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ ایک مرتبہ شادی سے بھی بھاگ چکی ہیں اور یہ بات بالکل درست ہے۔ ان کے مطابق گھر والے مسلسل شادی کے لیے اصرار کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ والدین کی خوشی کے لیے انہوں نے شادی سے انکار نہیں کیا، خریداری بھی کی اور تمام تیاریاں چلتی رہیں لیکن جس دن شادی ہونا تھی اس سے ایک رات پہلے وہ گھر سے نکل گئیں۔میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اس وقت تک دعوت نامے تقسیم ہو چکے ہوں گے اور دیگر تیاریاں بھی مکمل ہو چکی ہوں گی۔اس پر کنول فاروق نے بتایا کہ ان کے والدین کسی حد تک ان کی طبیعت کو سمجھتے تھے اور انہیں کچھ شک بھی تھا، اسی لیے انہوں نے بہت محدود لوگوں کو مدعو کیا اور ابتدا میں صرف نکاح کی تقریب رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔میزبان کے اس سوال پر کہ انہوں نے پہلے ہی والدین کو حقیقت کیوں نہ بتائی، اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ اس وقت خوش تھے، اس لیے انہوں نے سوچا کہ کچھ وقت کے لیے انہیں خوش رہنے دیا جائے۔