شام میں جنگ رک گئی، حکومت اور کرد فورسز میں بڑا معاہدہ

1 ہفتے قبل
شام میں جنگ رک گئی، حکومت اور کرد فورسز میں بڑا معاہدہ

شام ( مانیٹرنگ ڈیسک)شام میں شامی حکومت اور کرد قیادت میں سرگرم سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے بعد تمام محاذوں پر فائر بندی نافذ کر دی گئی ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شامی فوج نے شمالی شہر رقہ کی سمت تیز رفتار پیش قدمی کرتے ہوئے سب سے پہلے طبقا شہر کا کنٹرول حاصل کیا، جس کے فوراً بعد دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔معاہدے کے تحت سیریئن ڈیموکریٹک فورسز دریائے فرات کے مشرقی علاقوں میں واپس منتقل ہوں گی، جبکہ دیر الزور اور رقہ کے تمام علاقے مکمل طور پر دمشق حکومت کے حوالے کر دیے جائیں گے۔طے پانے والے معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ دونوں صوبوں کے سول اور انتظامی ادارے دوبارہ شامی حکومت کے کنٹرول میں آ جائیں گے، جبکہ سابق سرکاری ملازمین کو ان کے عہدوں پر بحال کیا جائے گا۔ شامی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایس ڈی ایف سے وابستہ افراد یا جنگجوؤں کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔