ملک بھر میں یکساں بجلی کا ٹیرف: نئے نرخ 15 جنوری سے نافذ

2 ہفتے قبل
ملک بھر میں یکساں بجلی کا ٹیرف: نئے نرخ 15 جنوری سے نافذ

اسلام آباد( پاکستان خبر) ملک بھر میں یکساں بجلی کے نرخ نافذ کرنے کے لیے نیپرا کی منظوری کے بعد نئے ٹیرف کا اعلان پندرہ جنوری سے متوقع ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے نیپرا میں درخواست دائر کی تھی تاکہ تمام صارفین کے لیے ایک جیسا کنزیومر اینڈ ٹیرف نافذ کیا جا سکے، جس میں کے الیکٹرک کے صارفین بھی شامل ہیں۔ درخواست کے ساتھ موجودہ ٹیرف نوٹیفکیشن میں ترمیم کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے، اور نیپرا ایکٹ کے سیکشن 31 کے تحت نظرثانی شدہ ٹیرف نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔نیپرا کی سماعت کے دوران پاور ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ صنعتی صارفین کے لیے بجلی نرخوں میں 26 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کے بعد صنعتی ٹیرف 62.99 روپے سے کم ہو کر 46.31 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔اس کے علاوہ کراس سبسڈی میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے، جو 225 ارب روپے سے کم ہو کر 102 ارب روپے رہ گئی ہے، یوں 123 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ یہ اقدام ملک بھر میں بجلی کے یکساں نرخ اور صارفین پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کے طور پر لیا گیا ہے۔