سلامتی کونسل کی امریکا پر تنقید، ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کی مخالفت

1 ہفتے قبل
سلامتی کونسل کی امریکا پر تنقید، ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کی مخالفت


نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس اور چین نے امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے ایران کے معاملے میں طاقت کے استعمال کو مسترد کر دیا۔سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے روسی مندوب نے اجلاس کو ایک “سرکس” قرار دیا اور کہا کہ یہ نشست عالمی امن کے فروغ کے لیے ہونی چاہیے تھی، نہ کہ ایران کے داخلی امور میں مداخلت کے لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض بیرونی قوتیں دانستہ طور پر ایران میں موجود صورتحال کو ہوا دے رہی ہیں۔روسی مندوب نے واضح کیا کہ ایران پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ وہ کسی قسم کی کشیدگی یا تصادم نہیں چاہتا، تاہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت کے لیے شہریوں اور املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جبکہ امریکی بیانات جن میں ایرانی عوام کو ریاستی اداروں پر قبضے کی ترغیب دی گئی، کسی بھی ملک کی خودمختاری کے منافی ہیں۔ان کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر اور حکومت کی حمایت میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر موجود ہے، اور اگر امریکا نے کوئی کارروائی کی تو پورا خطہ مزید عدم استحکام اور بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔ روسی مندوب نے اس موقع پر مسائل کے پرامن حل کے لیے تعاون کی پیشکش بھی کی۔