پاکستان میں آئی ایم ایف کے تیسرے ششماہی اقتصادی جائزے کے مذاکرات جاری

2 گھنٹے قبل
پاکستان میں آئی ایم ایف کے تیسرے ششماہی اقتصادی جائزے کے مذاکرات جاری

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان تیسرے ششماہی اقتصادی جائزے کے مذاکرات دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ آئی ایم ایف ٹیم کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان حکام سے تکنیکی سطح کے مذاکرات کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق وفد اور اسٹیٹ بینک حکام رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے شیئر کیے گئے ڈیٹا پر بات چیت کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف وفد کا جمعہ تک اہم اجلاس شیڈول ہے، اور حکام نے وفد کو بریفنگ بھی دی ہے۔آئی ایم ایف وفد کی آج دوپہر ملاقات اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے عہدیداران سے ہوگی، جبکہ جمعہ کو پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران سے ملاقات طے ہے۔آئی ایم ایف وفد ہفتے کو اسلام آباد روانہ ہوگا، جہاں پیر سے وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ تیکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔ یہ جائزہ توسیع فنڈ سہولت پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔