کھرڑیانوالہ( پاکستا ن خبر) پولیس نے منشیات اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جو شہریوں کو مفت عمرہ کروانے کا جھانسہ دے کر منشیات بیرونِ ملک بھجوانے کے الزامات میں ملوث بتایا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم شہریوں کو عمرہ کی سہولت فراہم کرنے کے نام پر استعمال کرتا تھا اور ان کے ذریعے ممنوعہ اشیا سعودی عرب بھجوانے کی کوشش کی جاتی تھی۔ اس نیٹ ورک کے باعث بعض پاکستانی زائرین کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔یہ کارروائی تھانہ کھرڑیانوالہ کے ایس ایچ او محمد ریاض کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے پانچ کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی اور اسے گرفتار کر لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مختلف علاقوں میں منشیات کی ترسیل میں ملوث تھا اور ایک منظم گروہ کے تحت کام کر رہا تھا، جس کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ایس پی بختیار احمد کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدام کرے گی۔
مفت عمرہ کا جھانسہ دے کر منشیات اسمگلنگ کرنے والا ملزم گرفتار
2 ہفتے قبل