کراچی ( کامرس ڈیسک) بازار حصص میں کاروبار کا آغاز شدید مندی سے ہوا تاہم کچھ ہی دیر بعد مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای ایک سو انڈیکس تین ہزار چار سو پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ باسٹھ ہزار چار سو گیارہ پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔بعد ازاں مندی میں کمی آئی اور انڈیکس ایک ہزار چار سو دس پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ چونسٹھ ہزار تین سو ننانوے پوائنٹس تک پہنچ گیا، جس کے بعد مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب آ گیا۔کاروبار کے دوران مجموعی طور پر ایک سو دو پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ پینسٹھ ہزار نو سو تیرہ پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی تھی جب انڈیکس بارہ ہزار نو سو بیس پوائنٹس بڑھ گیا تھا اور کاروباری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنا پڑی تھیں۔ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈیوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے اثرات مقامی اسٹاک مارکیٹ پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔