اسلام آباد( پاکستان خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 جنوری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا۔یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے بتایا کہ 5 جنوری 1949 کو یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی، جس میں طے پایا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری سے کیا جائے گا۔تاہم وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی غیر قانونی قبضے کے باعث یہ وعدہ پورا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن بھارتی جبروتشدد کے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کرے۔خیال رہے کہ آج پاکستان اور خطہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں۔