کوئٹہ: بلوچ ٹریننگ وِنگ کے سولجرز کا 21واں بیج کامیابی سے پاس آئوٹ

3 ہفتے قبل
کوئٹہ: بلوچ ٹریننگ وِنگ کے سولجرز کا 21واں بیج کامیابی سے پاس آئوٹ

کوئٹہ( پاکستان خبر) بلوچ ٹریننگ وِنگ کوئٹہ میں سولجرز کے بنیادی فوجی تربیتی کورس کے اکیسویں بیج کی شاندار اور پروقار پاسنگ آئوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔پریڈ میں کمانڈنٹ بلوچ رجمنٹ سینٹر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور پاس آٹ ہونے والے جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے جوانوں کے جذبے، محنت اور عزم کو سراہا۔تقریب میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 170 جوانوں نے چھ ماہ کی سخت اور جامع فوجی تربیت کامیابی سے مکمل کر کے پاکستان فوج میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔پاس آٹ ہونے والے جوانوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازی شیلڈز اور انعامات سے نوازا گیا۔ نوجوانوں نے کہا کہ تربیت کے دوران پیش آنے والے مختلف چیلنجز نے انہیں نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر بھی مضبوط بنایا، اور انہوں نے پاک فوج میں شمولیت کے بعد ملک کے دفاع میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔پریڈ کا اختتام قومی ترانے اور ملک و قوم کی بھلائی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا، جبکہ شرکا نے اسے نظم و ضبط، جوش و ولولے اور قومی جذبے کی بہترین مثال قرار دیا۔