پنجاب میں سرکاری گاڑیوں کیلئے پٹرول ڈیزل پابندی

2 ہفتے قبل
پنجاب میں سرکاری گاڑیوں کیلئے پٹرول ڈیزل پابندی

لاہور( پاکستا ن خبر) پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔حکومت کے مطابق آئندہ سرکاری ادارے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خرید سکیں گے، جبکہ فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیاں پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی 2026 جلد متعارف کرائی جائے گی۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے 31 شہروں میں 170 نئے پٹرول پمپس کے این او سی جاری کر دیے ہیں۔ نئے پٹرول پمپس کی منظوری اب اس شرط پر ہوگی کہ ہر پمپ پر الیکٹرک چارجنگ یونٹ نصب کیا جائے، بغیر اس کے کسی پمپ کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی کا فروغ ترجیح ہے۔ فیصل آباد میں 29، لاہور 14، بہاولپور 10، خانیوال اور بہاولنگر میں 9 پٹرول پمپس کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ کی تنصیب کے ساتھ منظوری دی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی اور جھنگ میں 8 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7 پٹرول پمپس کو اسی شرط پر کام کی اجازت دی گئی ہے۔