لاہور( پاکستان خبر) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 13 فروری تک توسیع کر دی۔کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید اور منظر علی گل نے سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر اسد عمر، شاہ محمود قریشی، جمشید چیمہ، مسرت جمشید، شیخ امتیاز سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔علیمہ خان، عظمیٰ خان، اعظم سواتی اور فواد چوہری نے حاضری معافی کی درخواستیں دائر کیں، جنہیں عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 13 فروری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مسلم لیگ ن کے آفس جلانے اور کلمہ چوک پر کینٹیر جلانے سمیت 9 مئی کے چھ مقدمات درج ہیں۔ مذکورہ مقدمات میں جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے تفتیشی رپورٹ پیش کی ہے جس میں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر تمام ملزمان کو گناہگار قرار دیا گیا ہے۔ملزمان میں اعظم سواتی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، رائے حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ، محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا، رائے مرتضیٰ اقبال اور دیگر شامل ہیں۔دریں اثنا جناح ہاؤس چوک اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر عدالت نے ملزمان کے وکلاء سے دلائل طلب کر لیے۔عدالت نے پولیس کو مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کو مزید 21 جنوری تک ملتوی کر دیا۔ یہ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں عبوری ضمانت 13 فروری تک بڑھا دی گئی
1 ہفتے قبل