پی آئی اے پر سیفٹی اور فلائٹ اسٹینڈرڈز کا کڑا آڈٹ شروع، 16 جنوری تک جاری رہے گا

1 ہفتے قبل
پی آئی اے پر سیفٹی اور فلائٹ اسٹینڈرڈز کا کڑا آڈٹ شروع، 16 جنوری تک جاری رہے گا

اسلام آباد(پاکستان خبر) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے ائیر آپریٹرز سرٹیفیکیٹ آڈٹ انسپکشن کا آغاز کر دیا ہے، جس میں ایئر لائن کی فلائٹ سیفٹی، طیاروں کی انسپکشن اور پائلٹس کی ٹریننگ سمیت تمام شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔آڈٹ کے دوران سول ایوی ایشن انسپکٹرز پی آئی اے کے طیاروں کی مینٹیننس، سیفٹی منیجمنٹ سسٹم، ایئر نیوی گیشن ریکارڈ اور بین الاقوامی اجازت ناموں کی بھی جانچ کریں گے۔ پی آئی اے کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو مکمل ریکارڈ تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ آڈٹ یورپ اور برطانیہ میں فلائٹ آپریشن کے لیے اہم سنگ میل بھی شمار ہوگا۔ اس میں ایئر لائن کی مالی حالت، انجینئرنگ، پائلٹس کی لائسنس اور ٹریننگ، کسٹمر سروس، سیفٹی مینجمنٹ اور فلائٹ سیفٹی کے بین الاقوامی معیار کی بھی جانچ کی جائے گی۔پی آئی اے کا ائیر آپریٹرز سرٹیفیکیٹ آڈٹ انسپکشن 16 جنوری تک جاری رہے گا، جس کے نتائج ایئر لائن کے مستقبل کے آپریشنز اور بین الاقوامی معیارات کے لیے اہم قرار دیے جائیں گے۔