اسلام آبا( پاکستا ن خبر) پاکستانی ایکسپورٹرز نے امریکا کے بعد یورپی مارکیٹ میں بھی قدم جما لیا ہے، جہاں ہوم ٹیکسٹائل کی عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹل میں ہاتھ سے بنے روایتی قالینوں نے یورپی خریداروں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔نمائش میں شریک پاکستانی ایکسپورٹرز نے توقع سے بہتر رسپانس حاصل کیا ہے، جس سے پاکستانی قالین سازی کی بحالی کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔ امریکا کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر اضافی ٹیریف نے بھی پاکستانی مصنوعات کو فائدہ پہنچایا ہے۔جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں اس سال پاکستانی قالینوں کا خصوصی قومی پویلین قائم کیا گیا، جس میں دس چھوٹے اور درمیانے ایکسپورٹرز کی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ زیادہ تر کمپنیاں پہلی بار یورپی مارکیٹ میں براہِ راست اپنے قالین متعارف کرا رہی ہیں۔پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن کا کہنا ہے کہ طویل عرصے کے بعد یہ نمائش پاکستانی قالین کی عالمی سطح پر بہتر شناخت اور مارکیٹ رسائی کا اہم موقع ثابت ہوئی ہے۔