پاک فضائیہ کی عالمی مشق میں شرکت، ایف 16 سعودی عرب پہنچ گئے

1 ہفتے قبل
پاک فضائیہ کی عالمی مشق میں شرکت، ایف 16 سعودی عرب پہنچ گئے

 اسلام آباد( پاکستان خبر)پاک فضائیہ کا دستہ ایف 16 بلاک 52 جنگی طیاروں پر مشتمل فضائی اور زمینی عملے کے ہمراہ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گیا ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پی اے ایف کا یہ دستہ ملٹی نیشنل فضائی جنگی مشق ’’اسپیئرز آف وکٹری 2026‘‘ میں شرکت کرے گا، جس میں سعودی عرب، پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی افواج شامل ہیں۔یہ بین الاقوامی مشق فضائی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی، عملی اشتراک اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ مشق کے دوران بڑی فضائی قوت کی تعیناتی، رات کے اوقات میں فضائی آپریشنز، مربوط انٹیلی جنس، نگرانی اور جدید الیکٹرانک وارفیئر ماحول میں کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اس مشق میں شرکت کے ذریعے پاک فضائیہ کو شراکت دار ممالک کی فضائی افواج کے ساتھ تعاون بڑھانے اور ٹیکنالوجی سے بھرپور جنگی ماحول میں اپنی عملی تیاری جانچنے کا موقع ملے گا۔واضح رہے کہ اس بین الاقوامی تعیناتی کے لیے پی اے ایف کے جنگی طیاروں نے پاکستان سے سعودی عرب تک مسلسل پرواز کی، جو پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک عملی رسائی اور جدید جنگی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ ہے۔