کراچی( پاکستان خبر)ال نینا اور لانینا بحرالکاہل کی اتھاہ گہرائیوں سے جڑے موسمی مظاہر ہیں، جو پاکستان سے ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود ملک میں شدید گرمی، سخت سردی، بارشوں کی کمی اور تباہ کن سیلابوں کی شکل میں اثر انداز ہوتے ہیں۔ال نینا سمندر کے زیادہ درجہ حرارت جبکہ لانینا سمندر کے سرد ہونے کی علامت ہے۔ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا صارفین نے کراچی سمیت ملک بھر میں سردی کی لہر اور برفباری کو لانینا کے متحرک ہونے سے جوڑ دیا، تاہم محکمہ موسمیات نے اس تاثر کی نفی کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر اور ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ موجودہ سردی کسی غیر معمولی یا لانینا سے متعلق نہیں، بلکہ ملک میں موسمی حالات معمول کے مطابق ہیں۔ انہوں نے صارفین سے محتاط رہنے اور قابل اعتماد ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی تلقین کی۔ماہرین کے مطابق موسم سرما میں متحرک لانینا بارشوں کے راستے کو روک دیتی ہے، اور حالیہ بارشیں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ لانینا اس وقت کمزور ہے۔ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو عالمی موسمیاتی نظام میں معمولی تبدیلی سے بھی شدید متاثر ہوتے ہیں، اور بحرالکاہل میں پیدا ہونے والے یہ موسمی مظاہر ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود ملک میں براہِ راست اثر ڈال سکتے ہیں۔
لانینا یا ال نینا نہیں، پاکستان میں سردی معمول کے مطابق قرار
15 گھنٹے قبل