نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی حکام نے ریاست مغربی بنگال میں نِپاہ وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ بروقت اقدامات کی بدولت وائرس کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا ہے۔بھارتی وزارتِ صحت کے مطابق متاثرہ افراد کی شناخت کے بعد نگرانی کا نظام مزید مضبوط کیا گیا، لیبارٹری ٹیسٹنگ کی گئی اور فیلڈ تحقیقات بھی مکمل کی گئیں، جس سے کیسز کو بروقت قابو میں رکھا جا سکا۔ وزارت نے متاثرہ مریضوں کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور تمام ضروری عوامی صحت کے اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ وزارت کے مطابق دونوں کیسز سے جڑے 196 افراد کے رابطوں (کانٹیکٹس) کی جانچ کی گئی، جن کے تمام ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ اقدامات نپاہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، تاہم عوام کو محتاط رہنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔