تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کی گئی ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں نیتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کی کہ اسرائیلی وزیراعظم اس عالمی فورم کے رکن کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔بیان کے مطابق ’بورڈ آف پیس‘ عالمی رہنماؤں پر مشتمل ہوگا اور اس کا مقصد بین الاقوامی تنازعات کے حل اور امن سے متعلق امور میں کردار ادا کرنا ہے۔ ابتدا میں یہ بورڈ جنگ کے بعد غزہ کی تعمیر نو کی نگرانی کے لیے تجویز کیا گیا تھا، تاہم اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اس کے چارٹر میں دائرہ کار صرف فلسطینی علاقوں تک محدود نہیں ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس بورڈ میں مستقل رکنیت کے لیے ممالک یا رہنماؤں کو ایک ارب ڈالر تک کی مالی شراکت کرنا ہوگی۔ وائٹ ہاؤس اس فورم کو عالمی امن کے لیے ایک وسیع پلیٹ فارم کے طور پر پیش کر رہا ہے، جس میں مختلف خطوں کے رہنماؤں کو شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔