ایران میں مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج، انٹرنیٹ مکمل طور پر بند

2 ہفتے قبل
ایران میں مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج، انٹرنیٹ مکمل طور پر بند

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اس وقت شدید معاشی دبا اور عوامی بے چینی کی لپیٹ میں ہے جہاں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاج کے دوران حکومتی سطح پر ملک گیر انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔عالمی انٹرنیٹ مانیٹرنگ ادارے نیٹ بلاکس کے مطابق جمعرات کی شام سے ایران میں مکمل قومی سطح پر انٹرنیٹ بندش نافذ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام عوامی مظاہروں کے پھیلا کو روکنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق تہران سمیت کئی بڑے شہروں میں شہریوں نے اہم شاہراہیں بلاک کر دیں اور معاشی بدحالی کے خلاف نعرے لگائے۔ مختلف علاقوں میں سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی شب دارالحکومت تہران کے متعدد محلوں میں شہری بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ مرکزی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ حالات کشیدہ رہے۔صورتحال کے پیش نظر حکام نے کئی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے، جبکہ عوامی حلقوں میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر معاشی مسائل کا حل نہ نکالا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔