بلوچستان ، اسپنی روڈ پر 150 بیڈز پر مشتمل جدید ترین نیو ٹراما سینٹر قائم

2 ہفتے قبل
بلوچستان ، اسپنی روڈ پر 150 بیڈز پر مشتمل جدید ترین نیو ٹراما سینٹر قائم

کوئٹہ( پاکستان خبر)کوئٹہ میں حکومت بلوچستان نے اسپنی روڈ پر 150 بیڈز پر مشتمل جدید ترین نیو ٹراما سینٹر قائم کر دیا ہے، جو حادثات اور ایمرجنسی کیسز کے فوری اور معیاری علاج میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق نیو ٹراما سینٹر میں مختلف شعبہ جات کی اسپیشلٹی سروسز ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی، جبکہ سینٹر میں 4 جدید آئی سی یوز قائم کی گئی ہیں، جو مجموعی طور پر 31 بیڈز پر مشتمل ہیں۔مریضوں کے علاج کے لیے 24 گھنٹے ماہر نیورو، آرتھوپیڈک اور جنرل سرجن دستیاب ہوں گے۔ٹراما سینٹر میں جدید لیبارٹری قائم کی گئی ہے، جہاں سی ٹی اسکین، ایکسرے، الٹراسانڈ، موبائل ایکسرے اور موبائل وینٹی لیٹر جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ 6 جدید آپریشن تھیٹرز موجود ہیں، جہاں بیک وقت 8 مریضوں کے آپریشن کی سہولت ممکن ہے، جبکہ ادویات کی فراہمی 24 گھنٹے یقینی بنائی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے نیو ٹراما سینٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیو ٹراما سینٹر حکومتِ بلوچستان کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے، بلوچستان میں صحت کے شعبے میں عملی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔