اسلام آباد( پاکستان خبر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں۔شدید سردی کے باوجود آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں آزادی چوک پر مشعل بردار ریلی نکالی گئی، جس میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق میں قرار داد منظور کی تھی، جس کے تحت کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا۔ تاہم بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے۔ ہر سال یہ دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو یاد دلانا ہے کہ وہ کشمیر کے معاملے میں اپنی ذمہ داری کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔وزیراعظم شہباز شریف نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر پیغام جاری کیا کہ 5 جنوری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا، اور یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی۔وزیراعظم نے کہا کہ اس قرارداد کے تحت ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری سے ہونا تھا، مگر بھارتی غیر قانونی قبضے کی وجہ سے یہ وعدہ پورا نہیں ہو سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن بھارتی جبر و تشدد کے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔