بھارت اور یورپی یونین کا تاریخی تجارتی معاہدہ طے

1 دن قبل
بھارت اور یورپی یونین کا تاریخی تجارتی معاہدہ طے

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت اور یورپی یونین کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا ایک بڑے اور اہم تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جسے دونوں فریقین کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاہدے کو مدر آف آل ڈیلز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سمجھوتہ بھارت اور یورپ کے کروڑوں عوام کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کرے گا اور باہمی تجارت کو ایک نئی سمت دے گا۔نریندر مودی کے مطابق تقریباً دو دہائیوں پر محیط وقفے وقفے سے جاری مذاکرات کے بعد یہ معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت بھارت اپنی وسیع مگر منظم اور محفوظ مارکیٹ کو 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین کے لیے فری ٹریڈ کے اصولوں کے تحت کھولے گا۔ واضح رہے کہ یورپی یونین اس وقت بھارت کی سب سے بڑی تجارتی شراکت دار ہے۔معاہدے کی تفصیلات کا باضابطہ اعلان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا فان ڈیر لیئن نئی دہلی میں منعقد ہونے والے بھارت یورپی یونین سربراہی اجلاس کے دوران مشترکہ طور پر کریں گے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 کے اختتام تک بھارت اور یورپی یونین کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 136 اعشاریہ 5 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جس میں اس معاہدے کے بعد مزید اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔