اسلام آباد( پاکستان خبر)حالیہ مغربی سسٹم کے اثرات کے سبب ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری نے نظام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، جبکہ شدید سردی کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ہے۔دیر بالا کے مقام گوالدی میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی گاڑیاں مسافروں سمیت پھنس گئیں، اور علاقے میں شدید مشکلات پیدا ہو گئیں، حکومتی مشینری کی بروقت مدد دستیاب نہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔دیر بالا کی شرینگل فارسٹ کالونی میں ایک فیلڈر گاڑی برفباری کے باعث پھسل کر کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پشاور شہر اور گردونواح میں کل شام سے شروع ہونے والی بارش آج صبح کچھ دیر کے لیے رکی، لیکن بعد ازاں دوبارہ شروع ہو گئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔خیبر پختون خوا کے دیگر میدانی علاقوں میں بھی کل رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں میں موسم سرما کی برفباری کا تیسرا اسپیل جاری ہے، جس سے رابطہ سڑکیں بند اور سفر میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔