گرین لینڈ تنازع، ٹرمپ کی ٹیرف دھمکی سے عالمی منڈیاں لرز اٹھیں

1 ہفتے قبل
گرین لینڈ تنازع، ٹرمپ کی ٹیرف دھمکی سے عالمی منڈیاں لرز اٹھیں


وا شنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گرین لینڈ سے متعلق سخت مؤقف اور یورپی ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں ایک بار پھر بے یقینی اور اتار چڑھاؤ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کو گرین لینڈ خریدنے کی اجازت نہ دی گئی تو یکم فروری سے آٹھ یورپی ممالک کی درآمدات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف نافذ کر دیا جائے گا، جسے بعد ازاں یکم جون سے بڑھا کر 25 فیصد تک لے جایا جائے گا۔ ان ممالک میں ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، فن لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔معاشی ماہرین کے مطابق اس اعلان کے اثرات یورپی کرنسی پر دباؤ کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں، جبکہ عالمی منڈیوں میں شدید بے چینی دیکھنے میں آ سکتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب یورپی رہنماؤں نے امریکی صدر کی اس دھمکی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات یورپ اور امریکا کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور ایک نئی تجارتی جنگ کا سبب بن سکتے ہیں۔