اسلام آباد( پاکستان خبر) حکومت نے بجلی صارفین کو مزید ریلیف دینے کے لیے کیپٹو پاور لیوی سے حاصل ہونے والی رقم بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار لیوی عائد کی جائے گی، جس سے پاور سیکٹر میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 5 فیصد، دوسرے میں 10 فیصد، فروری 2026 میں 15 فیصد اور اگست 2026 میں 20 فیصد لیوی نافذ کی جائے گی۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ماہانہ جمع ہونے والی لیوی براہِ راست ہر ماہ بجلی کے نرخوں میں ایڈجسٹ کی جائے گی، لیکن 2 ماہ کے وقفے کے بعد ریلیف صارفین تک پہنچے گا۔ لیوی کی عدم ادائیگی کی صورت میں کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور مستقل ڈیفالٹ پر گیس یا ایل این جی کی فراہمی منقطع کر دی جائے گی۔یہ منصوبہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت تیار کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے پاور سیکٹر کے تمام کیٹیگریز کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔