پروازوں کی منسوخی انڈی گو پر تاریخ کا بھاری جرمانہ

1 ہفتے قبل
پروازوں کی منسوخی انڈی گو پر تاریخ کا بھاری جرمانہ

 نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی سول ایوی ایشن ریگولیٹری اتھارٹی نے دسمبر میں بڑے پیمانے پر پروازیں منسوخ ہونے پر ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈی گو پر ریکارڈ جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ ریگولیٹر کے مطابق پائلٹس کی ڈیوٹی روسٹر کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسی انتظامی ناکامی کے نتیجے میں انڈی گو پر 222 ملین بھارتی روپے جرمانہ کیا گیا جو ملکی ہوا بازی کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔ اس کے ساتھ ایئرلائن کے اعلی حکام کو باضابطہ وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ریگولیٹر نے ہدایت دی ہے کہ آپریشن کنٹرول سے منسلک ایک سینئر عہدیدار کو موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹایا جائے جبکہ ایئرلائن کو ریگولیٹری احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بینک گارنٹی جمع کروانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔انڈی گو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ اور انتظامیہ حکومتی فیصلوں کا جائزہ لے رہی ہے اور مسافروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے اصلاحاتی اقدامات کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ دسمبر کے آغاز میں ہزاروں پروازوں کی منسوخی کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر شدید بدنظمی اور مسافروں کی بڑی تعداد مشکلات کا شکار ہوئی تھی۔