فچ کا پاکستان پر اعتماد برقرار، معاشی آؤٹ لک مستحکم قرار

2 گھنٹے قبل
فچ کا پاکستان پر اعتماد برقرار، معاشی آؤٹ لک مستحکم قرار

کراچی( کامرس ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے فچ نے پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔فچ ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان کا مالیاتی نظم و ضبط اور مجموعی معاشی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے، جبکہ ملک کی کریڈٹ ریٹنگ بی مائنس پر برقرار رکھی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے اور ادارے کے بورڈ کی منظوری کے بعد ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کا امکان ہے۔فچ کے مطابق بیرونی ادائیگیوں کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رہنے کی توقع ہے، تاہم مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث توانائی کے شعبے کو خطرات لاحق رہیں گے۔رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح بڑھ کر سات اعشاریہ نو فیصد تک جا سکتی ہے جبکہ پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروباری اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو تین اعشاریہ ایک فیصد رہنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ بڑھ کر بارہ اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک اعشاریہ ایک فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے۔