واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے وینزویلا میں کیے گئے امریکی فوجی آپریشن کی اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل ڈین کین نے بتایا کہ یہ کارروائی صدر ٹرمپ کے حکم پر وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کی گئی۔جنرل ڈین کین کے مطابق اس آپریشن کی تیاری کئی ماہ سے جاری تھی، جس میں دہائیوں کے عسکری تجربے کو بروئے کار لایا گیا۔ کارروائی میں زمینی، فضائی اور بحری افواج نے مشترکہ طور پر حصہ لیا جبکہ سی آئی اے، این ایس اے، این جی اے اور دیگر انٹیلی جنس اداروں نے مکمل تعاون فراہم کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں 150 سے زائد طیاروں نے حصہ لیا، جو 20 مختلف زمینی اور بحری اڈوں سے روانہ کیے گئے۔ فضائی بیڑے میں ایف 22، ایف 35، ایف 18، ای اے 18، ای 2 اور بی ون بمبار سمیت دیگر معاون طیارے شامل تھے۔جنرل ڈین کین نے کہا کہ امریکی جوائنٹ فورسز کے لیے ناکامی کوئی آپشن نہیں تھی، اور یہ آپریشن مکمل تیاری اور ہم آہنگی کے ساتھ انجام دیا گیا۔