پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے قانونی فریم ورک میں تاخیر

11 گھنٹے قبل
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے قانونی فریم ورک میں تاخیر

لاہور( پاکستان خبر) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے قانونی فریم ورک سست روی کا شکار ہو گیا ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ الیکشن رولز 2025 کی رپورٹ آج بھی الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کرائی جا سکی۔ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی ورکنگ سے متعلق تین سمریاں ارسال کرے گا، جبکہ الیکشن کمیشن کی کمیٹی قوانین پر اتفاقِ رائے قائم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈیمارکیشن رولز پر مشاورت کے بعد سمری آج پنجاب حکومت کو بھجوائی جائے گی اور الیکشن رولز پہلے ہی تیار کر کے کمیشن کو بھیج دیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ الیکشن رولز 2025 اور اربن و رورل حد بندیوں (ڈیمارکیشن) سے متعلق سمریاں بھی پنجاب حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنرز نے اربن اور رورل حد بندیوں کی رپورٹس الیکشن کمیشن کی کمیٹی کو بھجوادی ہیں۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اعتراضات، بشمول فارم 45 اور فارم 47 کے، دور کر دیے گئے ہیں اور بلدیاتی انتخابات کے طریقہ کار کو مکمل واضح کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حد بندیاں اور رولز مکمل ہونے کے بعد حلقہ بندیاں کی جائیں گی، جن کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہو گی، اور الیکشن رولز کی سمری منظوری کے لیے پنجاب حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔