کراچی کے گل پلازہ میں خوفناک آگ، 6 جاں بحق

1 ہفتے قبل
کراچی کے گل پلازہ میں خوفناک آگ، 6 جاں بحق

کراچی( پاکستان خبر) ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں رات گئے بھڑکنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ آتشزدگی کے باعث عمارت کے دو حصے زمین بوس ہو چکے ہیں جبکہ آخری حصے کے بھی گرنے کا خدشہ ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں، جن میں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت آصف، فراز اور عامر کے ناموں سے ہوئی ہے۔چیف فائر آفیسر کے مطابق گرانڈ فلور کی تمام دکانیں اور گودام آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر فائٹر طلب کر لیے گئے ہیں اور پھنسے ہوئے افراد کو اسنارکل کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیسری منزل تک پہنچ چکی ہے اور بیسمنٹ مارکیٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔ عمارت خستہ حال ہے اور کسی بھی وقت مکمل طور پر گر سکتی ہے، جس سے مزید خطرہ لاحق ہے۔