ڈھاکا( مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلادیش نے بھارت کی جانب سے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو نئی دہلی میں عوامی تقریب سے خطاب کی اجازت دینے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے بنگلادیشی عوام کی توہین قرار دیا ہے۔بنگلادیشی وزارت خارجہ کے مطابق انسانیت کے خلاف جرائم میں سزا یافتہ اور مفرور شیخ حسینہ کو اس نوعیت کا پلیٹ فارم دینا ملک کے امن، سلامتی اور جمہوری عمل کے لیے خطرناک ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ 23 جنوری کو نئی دہلی میں ہونے والی تقریب کے دوران شیخ حسینہ نے آڈیو خطاب کے ذریعے بنگلادیش میں اپنے حامیوں کو موجودہ حکومت کے خلاف اکسانے کی کوشش کی اور آئندہ عام انتخابات کو متاثر کرنے کی بات کی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ عوامی لیگ کی قیادت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز بیانات ہی اس بات کی وجہ بنے کہ عبوری حکومت کو ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں لگانا پڑیں۔