ممبئی( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار اور کامیڈین راجپال یادو نے حالیہ ایوارڈ شو میں پیش آنے والے تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے پس پردہ حقائق سامنے رکھ دیے ہیں۔یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب اداکار سلمان خان نے راجپال یادو کے حق میں ایک پیغام جاری کیا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ایوارڈ تقریب کے دوران میزبان سوربھ دویویدی اور کامیڈین ذاکر خان پروگرام کی میزبانی کر رہے تھے کہ اسی دوران سوربھ دویویدی نے راجپال یادو کے قرض سے متعلق معاملے پر انہیں طنز کا نشانہ بنایا۔اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، جس کے بعد راجپال یادو نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بعض باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے کام اور کردار کے ذریعے لوگوں کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس طرح کے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھتے ہیں۔