واشنگٹن/منی سوٹا( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کی ڈیموکریٹک مسلم رکنِ کانگریس الہان عمر پر منی سوٹا کے شہر میناپولیس میں ایک ٹاؤن ہال اجلاس کے دوران بدبودار مائع پھینکے جانے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق واقعے میں الہان عمر کو کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک سفید فام شخص کو حراست میں لے لیا، جب کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔الہان عمر اس ٹاؤن ہال اجلاس میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نوم سے استعفے یا مواخذے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ اجلاس کے دوران انہوں نے امیگریشن اور سکیورٹی سے متعلق حالیہ واقعات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔امریکی میڈیا کے مطابق کرسٹی نوم اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیفن ملر پر ایک واقعے کے حوالے سے گمراہ کن معلومات پھیلانے کے الزامات زیرِ بحث ہیں۔ یہ معاملہ منی سوٹا میں ہونے والے ایک مظاہرے سے جڑا بتایا جا رہا ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ مظاہرے کے دوران آئیس کے اہلکاروں نے ایک شخص پر فائرنگ کی تھی، جس کے بارے میں ابتدا میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ مسلح تھا۔ تاہم بعد میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق متاثرہ شخص غیر مسلح تھا اور فائرنگ سے قبل اسے قابو میں کر لیا گیا تھا۔